6 جون 2012 - 19:30

عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کے توسط سے "الدعاء عند اہل البیت (ع)" کے انگریزی ترجمے کی اشاعت عمل میں لائی گئی۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی – ابنا – کی رپورٹ کے مطابق عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کے شورائے کتاب کے سیکریٹری حجت الاسلام عباس جعفری نے کتاب کی اشاعت کی خبر دیتے ہوئے کہا: اسلامی تعلیمات میں دعا اور دعا خوانی کو بہت اہمیت حاصل رہی ہے۔ بعض آیات و روایات میں بیان ہوا ہے کہ اگر لوگ دعا نہ مانگیں تو خدا بھی ان کی طرف توجہ نہیں دے گا۔ یقیناً دعا کا تعلق صرف مشکلات اور مسائل کے مواقع سے نہیں ہے بلکہ با ایمان انسانوں کا فرض ہے کہ وہ دن رات کے عرصے میں دعا اور راز و نیاز کی شکل میں خالق کائنات (خداوند مہربان) سے رابطہ برقرار کئے رہیں۔ جیسا کہ یومیہ نمازوں کے بعض حصے بھی دعاؤں پر مشتمل ہیں۔

انہوں نے اضافہ کیا: عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی نے  دنیا بھر میں اہل بیت علیہم السلام کے پیروکاروں کو تہذیبی خدمات مہیا کرنے کی غرض سے آج سے کئی سال پہلے آیت اللہ محمد مہدی آصفی (دام ظلہ) کے قلم سے ایک نہایت مفید کتاب کی تالیف کا اقدام کیا جس کے کئی ایڈیشن عربی زبان میں شائع ہوچکے ہیں۔ اور اب پہلی بار 3000 نسخوں میں کتاب کا انگریزی ترجمہ مختلف ممالک میں قارئین کی دسترس میں قرار دیا گیا ہے تاکہ انگریزی بولنے والے قارئین بھی اس سے استفادہ کریں۔

کتاب کے بعض اہم ترین موضوعات  دعا کی تعریف،  دعا کی استجابت، دعا کے آداب اور اس کے شرائط، رکاؤٹیں اور سزائیں، دعا کے وسیلے اور طریقے، اہل بیت (ع) کی دعاؤں میں خدا کی محبت، فرہنگ اہل بیت (ع) میں دعاؤں کے منابع و مصادر، دعا اور قضا و قدر، اور زیارت کے توحیدی اور سیاسی پہلو وغیرہ ہیں۔حجت الاسلام جعفری نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا: شائقین اس کتاب کے برقی متن (عربی اور انگریزی) اور ادارے  کے دیگر منشورات کے حصول کے لئے  www.ahlulbaytportal.com سے رجوع کرسکتے ہیں۔.......

/169